ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل کے قریب شیرور میں لڑکے کی بائک پھسل گئی؛ موقع پر ہی جاں بحق؛ لڑکے کی ماں پر پولس نے دائر کیا کیس

بھٹکل کے قریب شیرور میں لڑکے کی بائک پھسل گئی؛ موقع پر ہی جاں بحق؛ لڑکے کی ماں پر پولس نے دائر کیا کیس

Thu, 11 Feb 2021 20:24:24    S.O. News Service

بھٹکل 11 فروری (ایس او نیوز)  چھوٹے  بچوں کے ہاتھوں میں  گاڑیا ں دینا اتنا خطرنا ک  ثابت ہوتا ہے کہ اس کے نتیجے   میں موت بھی واقع ہوسکتی ہے جبکہ  بچوں کو بائک دینے پر بائک کے مالک پر الگ سے کیس بھی دائر ہوتا ہے۔ اتنا سب کچھ معلوم ہوجانے کےباوجود اکثر والدین بچوں کی ضد کے آگے  مجبور ہوجاتے ہیں اور لڑکے بغیر لائسنس کے ہی  گاڑیاں  لے کر نکل پڑتے ہیں  ا س سے نہ  صرف اپنی  بلکہ تیزرفتاری سے بائک چلانے کے نتیجے میں کبھی کبھار   دوسروں  کی جان بھی مشکل میں ڈال دیتے   ہیں، گھر والوں کو پریشانی الگ ۔ اسی  طرح کا ایک  حادثہ پڑوسی علاقہ شیرور میں پیش آیا جہاں ایک پندرہ سالہ لڑکا  بھاری بھرکم بائک چلاتے ہوئے سڑک کی ڈیوائیڈر سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں جائے وقوع پر  ہی اس کی موت واقع ہوگئی۔

بتایا گیا ہے کہ اس لڑکے کو پہلے بھی پولس نے پکڑا تھا اوراتنی چھوٹی عمر میں بائک چلانے پر  بائک  کو  پولس نے  دو تین دنوں تک  اپنی تحویل میں بھی  لے رکھا  تھا، مگر پھر اس کی ماں کی درخواست کے بعد جرمانہ عائد کرکے اور   وارننگ دے کر بائک  اُن کو واپس دی گئی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ آج جمعرات کو  لڑکا پھر ایک بار  کافی تیزی سے بائک چلاتا ہوا  پایا گیا پھر اس کی بائک بے قابو ہوگئی اور سڑک کے ڈیوائیڈر سے ٹکرا گیا جس سے  اس کی موت واقع ہوگئی۔  اللہ تعالیٰ  اسے راحی جنت کرے اور گھر والوں کو صبر کی توفیق دے۔

بیندور پولس نے بتایا کہ  بیٹے کو بائک چلانے کے لئے دینے کے الزام میں اس کی والدہ کے خلاف پولس تھانہ میں کیس درج کیا گیا ہے۔


Share: